16 مئی 2012 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سعید جلیلی نے کہا ہے کہ دنیا پر مسلط سامراجی نظام دینی جمہوری نظام سے خطرہ محسوس کرتا ہے۔

ابنا: سعید جلیلی نے آج تہران کی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی میں جہادی معیشت کے زیر عنوان منعقدہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایران گذشتہ تینتیس برسوں میں استقامت ہی کی اساس پر ترقی کرتا آرہا ہے۔

سعیدجلیلی نے کہا کہ جس چیز سے تسلط پسند سامراجی نظام کو زیادہ خطرہ محسوس ہوتا ہے ایسی استقامت نہیں ہے جو وسائل و ذرائع کے ختم ہونے کے بعد خود بھی ختم ہوجاتی ہے بلکہ وہ استقامت ہے جو اپنے ساتھ ترقی، پیداوار اور دیگر فوائد لے کر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست، ثقافت اور معیشت کے میدانوں میں اس بات کی اہمیت ہے کہ دین اسلام کی جامعیت کے پیش نظر ایسی استقامت کا ماڈل پیش کیا جائے جس کے ساتھ ساتھ ترقی بھی ہو۔انہوں نے ایران اور پانچ جمع ایک کے درمیاں بغداد میں ہونے والے مذاکرات کے بارے میں کہا کہ بغداد میں باہم تعاون اور ایران کے مسلمہ حقوق کے بارے میں مذاکرات ہونگے۔

سعید جلیلی نے اس بات کو مسترد کیا کہ اب مذاکرات کا وقت ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہران تعاون کی غرض سے مذاکرات کرنے پر آمادہ ہے اور جس چیز کا وقت ختم ہوچکا ہے وہ زور زبردستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلامی حکومت اور عوام میں بڑا گہرا رشتہ قائم ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی شعبوں میں نئے نظریات پیش کرنے کی کافی توانائي رکھتا ہے۔

سعید جلیلی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بغداد مذاکرات میں سربلندی سے شرکت کرے گا بنابریں مغرب کو غلط اندازے نہیں لگانے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت ایران پر جتنا دباؤ ڈالا جائے گآ اسکی استقامت بھی اتنی ہی بڑھے گي اور ایرانی عوام نے جو راستہ اختیار کیا ہے اس سے وہ ایک قدم بھی پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا مغربی ممالک کو ملت ایران کےخلاف کسی طرح کی کامیابی نہیں ملی ہے اور وہ اپنے ٹیکٹیکل اھداف میں بھی ناکام ہوچکے ہیں جو دباؤ کے ہمراہ تھے۔ .......

/169